وزیراعلی گنڈا پور نے حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کرنے کا اشارہ دے دیا

وزیراعلی گنڈا پور نے حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کرنے کا اشارہ دے دیا

اس بار پورے پاکستان کو بلاک کریں گے اور نئی حکمت عملی کے ساتھ آئیں گے، وزیراعلی
وزیراعلی گنڈا پور نے حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کرنے کا اشارہ دے دیا

ویب ڈیسک

|

23 Oct 2024

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اگر عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو تحریک انصاف پورے ملک کو بلاک کر دے گی اور حکومت کا خاتمہ کرے گی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گنڈا پور نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہورہا ہے اور عدلیہ کی آزادی کو اپنے مفاد کے لیے سلب کیا گیا ہے۔

گنڈا پور نے کہا کہ نیب نے ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اس بار پی ٹی آئی نئی حکمت عملی اپنائے گی اور اس کے احتجاج میں ملک بھر سے لوگ شریک ہوں گے، اس تحریک کو حکومت کے خاتمے پر ہی ختم کیا جائے گا۔

گنڈا پور نے کہا کہ اگر حکومت سینئر ترین جج کو چیف جسٹس نہیں لگاتی تو پی ٹی آئی اس کے خلاف احتجاج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوبارہ احتجاج کریں گے اور جبر اور فسطائیت کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس بار تحریک انصاف نئی پلاننگ کے ساتھ احتجاج کرے گی اور پورے پاکستان اور آزاد کشمیر سے لوگ آ کر پورے ملک کو بلاک کر دیں گے۔ گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو حتمی کال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکز نے آئین کو توڑنے کی کوشش کی تو وہ ان کا راستہ روکیں گے۔

قبل ازیں علی امین گنڈا پور نے بس ریپڈ ٹرانزٹ کے پبی فیڈر روٹ کا افتتاح کرتے ہوئے بی آر ٹی سروس کے روٹ کو پشاور سے نوشہرہ تک کے نئے روٹ کا اعلان کیا۔ یہ فیڈر روٹ 16 کلومیٹر طویل ہے اور بی آر ٹی سٹیشن سردار گھڑی پشاور سے شروع ہو کر پبی بازار تک جاتا ہے۔

اس فیڈر روٹ پر 12 میٹر لمبی چار بسیں روزانہ صبح 6:30 بجے سے شام 7:00 بجے تک چلیں گی۔ پبی فیڈر روٹ پر کل 13 بس اسٹاپ ہوں گے جن میں پبی بازار، کجور، پبی ریلوے اسٹیشن، واپڈا ٹاؤن، ترو جبہ، ترناب فارم اور دیگر شامل ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!