وزیراعظم نے مخصوص بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دے دیا
ویب ڈیسک
|
30 Jan 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتی شعبے کو ریلیف دیتے ہوئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 40 پیسے کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اعلان انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں ملک کے نمایاں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے مشکل وقت میں قربانیاں دیں، خاص طور پر غریب طبقہ شدید دباؤ میں رہا، اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو ترقی اور معاشی استحکام کی راہ پر ڈالا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کی تجاویز کو اہمیت دیتی ہے اور آئندہ معاشی پالیسیاں مشاورت سے مرتب کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے باہمی تعاون سے ملک میں ترقی کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔
وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں سفارتی اور دفاعی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جس کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دوروں کے دوران عالمی رہنماؤں کے رویوں میں مثبت تبدیلی دیکھی گئی اور پاکستانی پاسپورٹ کو اب عزت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایوارڈ یافتہ کاروباری شخصیات کو خصوصی بلیو پاسپورٹ دیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کے بعد صنعتی پیداوار اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے رابطے کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پورے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا اور آئندہ بھی نجکاری اسی اصول کے تحت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ذریعے غیر ضروری اخراجات میں اربوں روپے کی بچت کر رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ براہ راست ٹیکسوں میں کمی کی ضرورت ہے، جبکہ بالواسطہ ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے برآمدات پر مبنی معیشت کو حکومت کی ترجیح قرار دیا اور کہا کہ ڈیجیٹل شعبے میں بھی نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ قومی اداروں، بالخصوص پی آئی اے، کی بحالی کے لیے حکومت بھرپور تعاون کرے گی اور ملک کو معاشی طور پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
Comments
0 comment