ای چالان، عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، فاروق ستار
Webdesk
|
3 Nov 2025
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا حال موہن جودڑو سے بدترہے ، ای چالان کے نام پرشہریوں سے10،10ہزار روپے لے کر ذہنی اذیت دی جارہی ہے،کراچی کی ایک سڑک دکھادیں جہاں مارکنگ اورزیبراکراسنگ نظرآتی ہو،کیا لاڑکانہ، نوابشاہ، جیکب آباد یا کشمور میں بھی ایسے قوانین نافذ ہیں؟ ۔
خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کراچی میں ٹیکسوں کے نفاذ، ٹریفک جرمانوں اور شہر کی زبوں حالی پر سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ نئے حربوں سے کراچی والوں پر ٹیکس پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، لوگ پہلے ہی ٹیکس دے رہے ہیں، لیکن اب صبر کی بھی ایک حد ہے، شہر میں سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، گلیاں کھنڈرات بن چکی ہیں، لیکن حکومت صرف عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ جنگل کا بھی کوئی قانون ہوتا ہے، مگر کراچی میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔ شہر کا حال موہن جو دڑو سے بھی بدتر ہو چکا ہے، جب ٹریفک جام ہوتا ہے تو بائیکرز فٹ پاتھ سمیت دیگرمقامات سے اپناراستہ بناتے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتی اور ہر ناکامی کا ملبہ عوام پر ڈال دیتی ہے ، ریاست کو پہلے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، پھر عوام سے جواب مانگنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ شہر کی سڑکوں پر تجاوزات قائم ہیں، اس صورتحال میں ٹریفک قوانین کا نفاذ کیسے ممکن ہے؟ ہائی ویز پر کیمروں کی بدولت اسپیڈ کنٹرول ممکن ہوا، میں اس کا مخالف نہیں ہوں، مگر 10،10 ہزار روپے کے چالان سراسر ظلم ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے سوال اٹھایا کہ کیا لاڑکانہ، نوابشاہ، جیکب آباد یا کشمور میں بھی ایسے قوانین نافذ ہیں؟ کراچی والوں سے پہلے ہی اربوں روپے ٹیکس کی مد میں لیے جا رہے ہیں، مگر نہ سیوریج کا نظام بہتر ہوا، نہ سڑکیں، نہ بجلی اور گیس کی فراہمی۔
فاروق ستار نے کہا کہ موٹر وہیکل ٹیکس، اجرک نمبر پلیٹ کے بعد اب ای چالان کے نام پر شہریوں کو ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، میرا اعتراض بدنیتی پر ہے، یہ صاف نظر آرہا ہے کہ کراچی والوں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ چوری شدہ موٹرسائیکلوں پر بھی ای چالان بھیجے جا رہے ہیں۔ چار سال پہلے موٹر سائیکل چوری ہوئی، اب چالان بھیج رہے ہیں، یہ ان کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔
فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ حکومت بتائے کتنے سہولت مراکز کام کر رہے ہیں؟ یہ سب اقدامات صرف لوگوں کو لوٹنے کے حربے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ جن لوگوں کے 10،10 ہزار روپے کے چالان ہوئے ہیں وہ جلد شارعِ فیصل پر اکٹھے ہوں گے ، پوری دنیا میں 500 روپے تک کے جرمانے ہوتے ہیں، مگر یہاں عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment