ای چالان سے بچنے کیلیے جعلی نمبر پلیٹ، ایڈیشنل آئی جی نے خبردار کردیا
Webdesk
|
17 Dec 2025
کراچی: شہر قائد میں ای چالان سے بچنے کیلیے جعلی نمبر پلیٹ یا اصل کے بغیر گاڑی اور موٹرسائیکل چلانے والے شہری خبردار ہو جائیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے سی پی ایل سی چیف اور ایکسائز افسران کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ نمبر پلیٹ استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
شہریوں نے ای چالان سے بچنے کیلیے جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال شروع کیا ہے اور غائب بھی کی ہیں، آئندہ جمعہ سے سخت مہم شروع کرنے جا رہے ہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ایکسائز ڈپارٹمنٹ اور سی پی ایل سی کے ساتھ مل کر کام کریں گے، شہریوں کو مہم کے دوران آگاہی فراہم کریں گے اور جرمانے بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریکنگ کا سسٹم شروع کرنے سے ٹریفک نظام میں بہتری آئی ہے، موٹرسائیکل سواروں نے ہیلمٹ کا استعمال شروع کر دیا ہے، ٹریفک جرمانوں سے متعلق باہمی مشاورت اور غور کیا جا رہا ہے۔
انہوںنے کہا کہ جعلی نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، فینسی نمبر پلیٹ یا گرین نمبر پلیٹ کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ ایکسائز سے اگر نمبر پلیٹ کیلیے رابطہ کیا ہے تو رسید ہونا لازم ہے، قانونی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر گاڑی یا موٹرسائیکل عارضی طور پر ضبط ہوگی۔
کراچی میں تقریبا 1 لاکھ ای چالان اب تک جاری ہو چکے ہیں، سہولت مرکز سے 36 ہزار کے قریب لوگوں نے رابطہ کیا مسائل حل ہوئے۔
پہلے چالان پر رعایت ہے اس کا بہت اچھا نتیجہ آ رہا ہے، سندھ حکومت کی مکمل تائید اور حمایت ہمیں حاصل ہے۔
نیوز کانفرنس میں چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب نے کہا کہ ٹیکنالوجی ایسی ہوگئی ہے کہ پکڑا جانا ناممکن نہیں رہا، شہری تعاون کریں یہ تمام اقدامات بہتری کیلیے ہیں۔
Comments
0 comment