اے پی ایس شہدا اور قوم کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دیں گے، صدر زرداری
ویب ڈیسک
|
16 Dec 2024
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس جیسے واقعات دہشتگردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں، پاکستانی قوم دہشتگردوں کو کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
سانحہ اے پی ایس کی دسویں برسی کے موقع پر صدر مملکت نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر 2014 کے افسوسناک دن دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا، معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ طور پر کوششیں کرنا ہوں گی، آئیے دہشتگردی کے خاتمے اور پرامن پاکستان کیلئے کام کرنے کا عہد کریں۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق یہ بات صدر مملکت آصف علی زرداری نے آرمی پبلک سکول پشاور حملے کی 10ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کے افسوسناک دن دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا، آج کے دن دہشتگردوں نے معصوم بچوں سمیت شہریوں کو سفاکیت سے قتل کیا، دہشتگردوں نے اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم ہے، سانحہ اے پی ایس سے واضح ہے کہ دہشتگردوں کا ایجنڈا ملک میں فساد اور انتشار پھیلانا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ 16دسمبر کے دن نے ہماری قوم کی اجتماعی یادداشت پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں، ہماری ہمدردیاں معصوم جانوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، یہ دن ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قوم کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اے پی ایس حملہ ہمارے بچوں، ہمارے مستقبل اور ہمارے وجود پر حملہ تھا، سانحہ اے پی ایس جیسے واقعات دہشتگردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردوں کو کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی، سانحہ اے پی ایس نے ہمیں دہشتگردی کے خلاف بحیثیت قوم متحد کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی قوم مصیبتوں کے سامنے ہمت نہیں ہارتی، یہ دن دہشتگردی کے خلاف متحد ہونے، اس عفریت کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیاسی قیادت نے بھی قربانیاں دیں، آج ہم اپنے بہادر سپاہیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ اپنے بچوں، قائدین اور شہریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی باقیات جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کو مشترکہ طور پر کوششیں کرنا ہوں گی۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ آئیے دہشتگردی کے خاتمے اور پرامن پاکستان کیلئے کام کرنے کا عہد کریں۔
Comments
0 comment