ایک ذہنی مریض ملکی سلامتی کیلیے خطرہ بن گیا ہے جس کی سیاست پروپیگنڈا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
ویب ڈیسک
|
5 Dec 2025
پاک فوج کے ترجمان اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عمران خان کا نام لیے بغیر انہیں ذہنی مریض، اپنی ذات کا قیدی اور ریاست کیلیے خطرہ قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ایک مخصوص سیاسی رہنما اپنی ذات کو ریاست سے بڑا سمجھتا ہے اور اُس کا بیانیہ ملک کی قومی سلامتی کو براہِ راست نقصان پہنچا رہا ہے۔ ان کے مطابق فوج اور عوام کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ فوج کسی سیاسی جماعت یا گروہ کی نمائندہ نہیں بلکہ قومی ادارہ ہے، اور سیاسی معاملات سے فوج کو دور رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کھلے دل سے سیاسی اختلافات کا احترام کرتی ہے، تاہم فوج کے خلاف منظم نفرت انگیزی اور ابہام پھیلانا قومی مفاد کے خلاف عمل ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے چلائے جا رہے ہیں جن کا مقصد پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران متعدد مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اور افغان میڈیا پی ٹی آئی سے منسلک بیانات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بیرونی عناصر بھی اس بیانیے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف محاذ پر پاک فوج کے جوان جانیں قربان کر رہے ہیں، اس کے باوجود ان کے خلاف نفرت پھیلانا افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے مگر وہاں کے حکام خود کارروائی کرنے کے بجائے سیاسی بیانیے پر انحصار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو درپیش چیلنجز صرف فوج نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہیں، اور قومی سلامتی کے معاملات کو سیاسی تنازعات کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ گورنر راج سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ ایسا کوئی فیصلہ حکومت کا اختیار ہے، فوج کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات کو دہرایا کہ پاک فوج کے خلاف نفرت کا بیانیہ نہ پہلے قابل قبول تھا نہ اب ہوگا، اور نہ ہی کسی کو پاکستان کی ڈھال اور عوام کے محافظ ادارے کے خلاف سازش کی اجازت دی جائے گی۔
Comments
0 comment