ایمان مزاری شوہر سمیت گرفتار
ویب ڈیسک
|
28 Oct 2024
شیریں مزاری نے پیر کو تصدیق کی کہ ان کی وکیل بیٹی اور انسانی حقوق کی کارکن ایمان مزاری کو ان کے شوہر ہادی علی کے ساتھ اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔
جوڑے پر الزام ہے کہ انہوں نے چند روز قبل اسلام آباد میں ایک سیکیورٹی چوکی پر ایک سیکیورٹی اہلکار پر حملہ کیا تھا۔
ایمان کی والدہ شیریں مزاری نے اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں کہا گیا، "ایمان مزاری کو آج صبح گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاستی فاشزم زوروں پر ہے۔"
اس جوڑے کو آبپارہ پولیس نے گرفتار کیا تھا، جہاں ان پر انگلش کرکٹ ٹیم کے سیکیورٹی پروٹوکول میں مداخلت کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اسلام آباد پولیس نے کہا کہ جوڑے کو "سیکیورٹی رسک پیدا کرنے کی وجہ سے" حراست میں لیا گیا تھا۔
اس سے قبل، ایک وائرل ویڈیو میں ممتاز وکیل ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر کو اسلام آباد کی ایک سڑک پر رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم سے منسلک ٹریفک پروٹوکول کے لیے بنائے گئے روڈ بلاکس پر ٹریفک پولیس اور دونوں وکلا کے درمیان تصادم ہوا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ زیرو پوائنٹ پر پیش آیا جہاں مزاری اور ان کے شوہر نے پولیس اہلکار کو کوڑے مارے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جوڑے نے سرکاری مہمانوں کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تھی۔ حکام نے ان کے خلاف سرکاری معاملات میں مداخلت پر مقدمات درج کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔
تاہم جیو نیوز نے ایمان مزاری کے حوالے سے کہا کہ 'میں نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی اور نہ ہی کوئی مجھے سڑک عبور کرنے سے روک سکتا ہے'۔
ایمان کا کہنا تھا کہ وہ فوری طور پر عدالت پہنچنا چاہتی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ ’’کوئی طاقت مجھے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی سے نہیں روک سکتی‘‘۔
Comments
0 comment