زرداری کا بیٹا جمہوری سوچ رکھتا تو عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتا، پی ٹی آئی
Webdesk
|
13 Feb 2024
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر زرداری کے بیٹے کی سوچ جمہوری ہوتی تو وہ جاتی امرا کے ساتھ مک مکا کی نئی مہم چلانے کے بجائے پی ٹی آئی کو ملنے والی عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے۔
بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ انتخابات میں عوام کیجانب سے مسترد کیے جانے کے بعد پی ڈی ایم کے کل پرزوں نے عوام کو دھوکا دینے کیلئے نئے ناٹک کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری کے فرزند کی سوچ جمہوری ہوتی تو جاتی امرا کے قزاقوں کے ساتھ مک مکا کی نئی مہم چلانے کی بجائے تحریک انصاف کو میسر عوامی مینڈیٹ تسلیم کرتے اور ووٹ کی کھلی بے حرمتی کی مذمت کرتے، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے حوالے سے زرداری کے فرزند کی جماعت سیاہ تاریخ کی حامل ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین میں پیپلزپارٹی کی سہولتکاری نے پاکستان کو مشرقی بازو کی علیحدگی کا گہرا زخم دیا، آج بلاول زرداری کے اشاروں پر اپنی خاندانی اور موروثی سیاست کو ننگی بددیانتی اور اقتدار کی بندر بانٹ کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوششیں کررہا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ آئینی، حکومتی اور پارلیمانی عہدوں کی آپس میں تقسیم کے بعد باہم فاصلوں کی اداکاری ان کے کسی کام آئے گی نہ عوام ان کے جھانسے میں آئیں گے، عمران خان کے دیے گئے شعور کے بعد قوم جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ہی سکّے کے دو رُخ ہیں اور دونوں ہی عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھنسانے و ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے مکمل ذمہ دار ہیں۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ عمران خان اس بوسیدہ نظام کو بدلنے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں جس کے یہ دونوں بینیفشری ہیں اور اسے تقویت اور دوام بخشنا چاہتے ہیں، قوم کی آئندہ نسلوں کو گروی رکھ کر اپنی موجودہ اور آئندہ نسلوں کے مستقبل محفوظ بنانے کے مکروہ منصوبے عوام خاک میں ملائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سازی ہو یا حزبِ اختلاف کی ذمہ داریاں سنبھالنے کا معاملہ، تحریک انصاف ہی اکثریّتی مینڈیٹ کی حامل ہے، ان کی ہر سازش اور پسِ پردہ مک مکا کا توڑ نکالیں گے اور ملک و قوم کو ان کے شر سے محفوظ بنائیں گے۔
Comments
0 comment