آسمان پر مسکراتا چہرہ، ماہرین نے بڑا دعوی کردیا

ویب ڈیسک
|
22 Apr 2025
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ آسمان پر مسکراتا چہرہ نمودار ہوگا جسے انسانی آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق ماہرین نے کہا ہے کہ 25 اپریل کی صبح تقریباً 5:30 بجے، ایک دلکش اور نایاب فلکیاتی واقعہ پیش آئے گا جب زہرہ (وینس)، سیٹرن (زحل)، اور چاند آسمان پر ایک "مسکراتے ہوئے چہرے" کی شکل میں نظر آئیں گے۔
یہ منفرد نظارہ طلوعِ فجر سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے، مشرق کی سمت افق کے اوپر دیکھا جا سکے گا۔
اس سیاروی ہم آہنگی (پلینیٹری الائنمنٹ) میں زہرہ چمکدار ستارے کی طرح جگمگائے گا، جبکہ سیٹرن اس کے درمیان مدھم روشنی کے ساتھ موجود ہوگا۔
ان دونوں کے نیچے ایک پتلا ہلال چاند "مسکراہٹ" کی مانند نمودار ہوگا، جس سے آسمان پر ایک مسکراتا چہرہ بنے گا۔
ناسا کے سولر سسٹم ایمبیسیڈر برینڈا کلبرسٹن کے مطابق، "اس نظارے کو دیکھنے کے لیے مشرق کی طرف صاف اور کھلے افق کا انتخاب کریں۔" انہوں نے بتایا کہ یہ منظر ننگی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے، لیکن اگر دوربین یا معمولی ٹیلی اسکوپ استعمال کی جائے تو نظارہ اور بھی واضح ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق، عطارد (مرکری) بھی اس "مسکراتے چہرے" کے نیچے موجود ہوگا، لیکن یہ افق سے اتنا نیچے ہوگا کہ بغیر پیشہ ورانہ آلات کے دکھائی نہیں دے گا۔
سورج گرہن یا چاند گرہن کے برعکس، جو مخصوص خطوں تک محدود ہوتے ہیں، یہ سیاروی ہم آہنگی دنیا کے متعدد حصوں سے دیکھی جا سکے گی۔
اس کے علاوہ، 21 اور 22 اپریل کو لیئرڈ شہاب ثاقب (میٹیور شاور) اپنے عروج پر ہوگا، جس میں تاریک آسمان میں گھنٹے میں تقریباً 15 شہابِ ثاقب دیکھے جا سکتے ہیں۔ فلکیات کے شوقین افراد کے لیے یہ ہفتہ واقعی خاص ہونے والا ہے۔
Comments
0 comment