ہیلمٹ پابندی پر عمل درآمد کیلیے پولیس نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال شروع
ویب ڈیسک
|
26 Jan 2024
پنجاب میں موٹرسائیکل سواروں کیلیے ہیلمٹ کی پابندی کو یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کیلیے پولیس نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال شروع کردیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو ٹریس کرنے کا اپنی نوعیت کا پہلا سافٹ ویئر تیار کر لیا ہے، جس کے ذریعے شناخت کے بعد اُن پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمرے سافٹ ویئر کی مدد سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کی نشاندہی کریں گے، پنجاب پولیس آرٹیفیشل انٹیلی جنس بیسڈ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین کا نفاذ یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے سافٹ ویئر ایس ایس پی رفعت بخاری نے ایم ڈی سیف سٹیز احسن یونس کی قیادت میں تیار کیا، جس کے استعمال سے شہری ٹریفک قوانین پر زیادہ سنجیدگی سے عمل کریں گے۔ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 02 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ شہری دوران سفر حادثات اور بھاری جرمانے سے محفوظ رہنے کے لیے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
Comments
0 comment