امریکا اور ہالینڈ کا بڑا سائبر کریک ڈاؤن، پاکستان میں موجود ہیکنگ نیٹ ورک ختم کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک
|
1 Feb 2025
واشنگٹن/ایمسٹرڈیم: امریکی اور ہالینڈ کے حکام نے ایک عالمی سائبر کرائم کریک ڈاؤن میں پاکستان سے چلنے والے ایک بڑے ہیکنگ نیٹ ورک کو ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق، یہ نیٹ ورک "ہارٹ سینڈر" کے نام سے جانا جاتا تھا اور اس کا سربراہ مبینہ طور پر صائم رضا تھا۔
نیٹ ورک گزشتہ دس سال سے زائد عرصے سے آن لائن سرگرم تھا اور اس پر ہزاروں افراد اور کاروباری اداروں کے ساتھ مالی فراڈ میں ملوث تھے۔
امریکی حکام نے آپریشن ہارٹ بلاکر" کے تحت 39 ڈومینز اور متعلقہ سرورز کو قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے، جو کہ اس نیٹ ورک کی مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال ہو رہے تھے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق، صرف امریکا میں اس نیٹ ورک کی سرگرمیوں کی وجہ سے 30 لاکھ ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا۔
امریکی اٹارنی کے مطابق اس نیٹ ورک کے ذریعے کاروباری اداروں اور عام شہریوں کو ہدف بنا کر مالی فراڈ کیا جاتا تھا، جس سے متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہوتے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ مجرمان بیرون ملک بیٹھ کر اپنی کارروائیاں انجام دیتے تھے، جبکہ ان کی ویب سائٹس ہیکنگ ٹولز کی خرید و فروخت کے لیے استعمال کی جاتی تھیں۔
حکام کے مطابق اس نیٹ ورک کی سب سے بڑی اور اہم سروس "ہارٹ سینڈر" تھی، جس کے ذریعے جرائم پیشہ افراد سیکیورٹی فلٹرز کو نظرانداز کر کے جعل سازی پر مبنی ای میلز بھیج سکتے تھے۔
حکام نے الزام لگایا کہ یہ نیٹ ورک ایک مکمل سائبر کرائم پلیٹ فارم تھا، جہاں مجرمانہ سرگرمیوں، جعل سازی اور دھوکہ دہی کے لیے سافٹ ویئر اور ہیکنگ ٹولز فراہم کیے جاتے تھے۔
سائبر کرائم کے خلاف اہم پیش رفت
امریکی اور ہالینڈ کے حکام نے اس کریک ڈاؤن کو سائبر جرائم کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا ہے کہ اس کارروائی سے آن لائن دھوکہ دہی اور ہیکنگ نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
تاہم، پاکستانی حکام کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
Comments
0 comment