9 hours ago
سورج اور چاند گرہن کے بعد شہاب ثاقب، کیا کوئی خطرے کی علامت ہے؟

ویب ڈیسک
|
18 Mar 2025
کراچی میں گزشتہ رات آسمان پر شہاب ثاقب کا ٹکڑا گزرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی تیز روشنی نے دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔
اس حیرت انگیز منظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ ماہر علم نجوم ہمایوں محبوب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "باخبر سویرا" میں ان واقعات کی تفصیلات بیان کیں اور مستقبل کے حوالے سے اہم پیشگوئیاں بھی کیں۔
ہمایوں محبوب کے مطابق، حالیہ چاند گرہن، شہاب ثاقب کا نظارہ، اور آنے والے سورج گرہن جیسے آسمانی مظاہر دنیا میں بڑی تبدیلیوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعات پانی اور ہوا سے متعلق بڑی قدرتی آفات کی پیشگوئی کرتے ہیں، جو دنیا کو متاثر کرسکتی ہیں۔ ہمایوں محبوب نے اپنی پیشگوئیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سال 2019 میں ایک نئے عالمی نظام (نیا ورلڈ آرڈر) کے آغاز اور ایک عالمی وبا (کوویڈ-19) کی پیشگوئی کی تھی، جو دنیا کی معیشت کو تہس نہس کر دے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی صدارت کے بارے میں بھی درست پیشگوئی کی تھی۔ شہاب ثاقب کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ خلائی پتھر ہیں جو زمین کے ماحول میں داخل ہونے پر روشنی کی چمک پیدا کرتے ہیں۔ یہ مظاہر قدرتی ہیں اور ان کا تعلق زمینی یا آسمانی تبدیلیوں سے ہوسکتا ہے۔
ہمایوں محبوب کی پیشگوئیوں کے مطابق، آنے والے دنوں میں دنیا کو پانی اور ہوا سے متعلق بڑی قدرتی آفات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور قدرتی مظاہر کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی تلقین کی۔
Comments
0 comment