1 hour ago
15 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک
ویب ڈیسک
|
18 Nov 2025
پاک فوج نے ڈی آئی خان اور شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیوں کے دوران بھارت کی پشت پناہی رکھنے والے گروہ فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس سلسلے میں آئی ایس پی آر نے منگل کے روز تفصیلات جاری کیں۔
بیان کے مطابق کارروائیاں 15 اور 16 نومبر کے درمیان کی گئیں۔ ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی میں فورسز نے مقابلے کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک جیا، جن میں گروہ کا اہم سرغنہ عالم محسود بھی شامل تھا۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی، جہاں مزید 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سنیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ بھارت نواز خوارج کو بھی تلاش کیا جا سکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ موجودہ انسداد دہشتگردی مہم کا بنیادی ہدف ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد گروہ کے سرغنہ کی ہلاکت فورسز کی موثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی اتفاقِ رائے کو نقصان پہنچانے کی کسی سیاسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے یہ عزم بھی دہرایا کہ دہشتگردی کو ہر صورت جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں تین مختلف مقابلوں کے دوران 24 دہشتگرد مارے گئے تھے۔ نومبر 2022 میں ٹی ٹی پی کی جانب سے جنگ بندی ختم کرنے کے بعد ملک میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
Comments
0 comment