1 hour ago
بہن کے گھر افطاری دینے کیلیے آنے والا نوجوان سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے جاں بحق
ویب ڈیسک
|
26 Feb 2026
نارتھ ناظم آباد میں ایک سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
مقتول ریٹائرڈ ڈی ایس پی کا بیٹا اور مسلم لیگ فنکشنل کا عہدیدار تھا جبکہ وہ بہن کے گھر افطاری دینے کیلیے آیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعہ نارتھ ناظم آباد کے بلاک سی میں پیش آیا، جہاں تعینات سیکیورٹی گارڈ وکیل احمد نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے ولید نامی شخص کو قتل کردیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں افراد کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی جو بعد میں فائرنگ کے واقعے پر ختم ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ مقتول ولید قریبی مکان میں بطور مہمان آیا ہوا تھا اور اسی دوران اس کا گارڈ سے سامنا ہوا۔
اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا، جو قریب ہی ایک بنگلے پر ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔
لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
Comments
0 comment