5 hours ago
بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید اضافے کا امکان
ویب ڈیسک
|
7 Nov 2025
ملک میں بجلی کے نرخوں میں تین ماہ کے لیے 45 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نیپرا میں اس سلسلے میں ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی جانب سے پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت منعقد ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نرخ بڑھانے کی تجویز دی ہے۔ چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیرِ صدارت ہونے والی سماعت میں ڈسکوز نے 8 ارب 41 کروڑ روپے اضافی وصولی کی اجازت طلب کی۔
سماعت کے دوران صارفین نے مؤقف اپنایا کہ وزیرِاعظم پہلے ہی تین ماہ کے لیے 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر چکے ہیں، جبکہ گردشی قرض میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے حالیہ زرعی و صنعتی پیکیج کے اثرات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
نیپرا کے ممبر سندھ رفیق شیخ نے کہا کہ پاور سیکٹر کے موجودہ ڈھانچے کے ساتھ گردشی قرض کا خاتمہ ممکن نہیں۔
صنعتی صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پہلے ہی 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ سرچارج ادا کر رہے ہیں، اب مزید بوجھ برداشت کرنا مشکل ہے۔
پاور ڈویژن کے نمائندوں نے وضاحت کی کہ بجلی کی چوری اور کم ریکوری کے باعث نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔ نیپرا نے سماعت مکمل کرلی ہے اور اعداد و شمار کے تفصیلی جائزے کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔
Comments
0 comment