2 hours ago
باجوڑ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں 11 جوان اور لڑکی شہید، 12 خواج ہلاک
ویب ڈیسک
|
17 Feb 2026
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 11 سیکیورٹی اہلکار اور ایک کمسن بچی شہید ہوگئے۔
یہ بات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ 16 فروری کو اس وقت کیا گیا جب دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔
فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، جس کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔ اسی دوران متعدد سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔
دھماکے سے قریبی رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث ایک بچی جان کی بازی ہار گئی جبکہ خواتین اور بچوں سمیت سات شہری زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments
0 comment