9 hours ago
کمسن بچے کو زنجیروں سے باندھ کر بھیک منگوانے کا اندوہناک واقعہ

ویب ڈیسک
|
19 Jul 2025
پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین میں ایک کمسن بچے کو زنجیروں سے باندھ کر بھیک منگوانے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس پر حکام نے فوری کارروائی کی۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے وائرل فوٹیج کا فوری نوٹس لیا۔
اس فوٹیج میں مبینہ طور پر ایک شخص کو پھالیہ کے علاقے میں عدالت کے باہر ایک بچے کو زنجیروں سے باندھ کر بھیک مانگنے پر مجبور کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گوجرانوالہ میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے فوری کارروائی کی، بچے کو بازیاب کرایا اور اسے اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا۔
چائلڈ پروٹیکشن کی سربراہ سارہ احمد کے مطابق، اس غیر انسانی فعل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بازیاب کرائے گئے بچے کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، جس میں تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی بھی شامل ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی، استحصال یا تشدد کے کسی بھی واقعے کی اطلاع چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر دیں۔
Comments
0 comment