1 hour ago
کراچی: مدرسے کے معلم نے معصوم طالبعلم کے سر کی ہڈیاں توڑ دیں
Webdesk
|
3 Dec 2025
کراچی : مدرسے کے معلم نے ڈنڈے مار کر معصوم طالبعلم کے سر کی ہڈیاں توڑدی دیں، والد نے انصاف کی اپیل کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر عزیز بروہی گوٹھ میں واقع ایک مدرسے کے معلم کی جانب سے 6 سالہ طالبعلم حسن پر مبینہ تشدد کا دردناک واقعہ سامنے آگیا۔
بچے کے والد نے بتایا مدرسے کے استاد نے ڈنڈوں سے وحشیانہ مارپیٹ کی جس سے بچے کے سر کی ہڈیاں تک ٹوٹ گئیں۔
والد نے الزام عائد کیا کہ بدھ کی صبح مدرسے میں استاد نے ان کے بیٹے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد بچے کو دورے پڑنا شروع ہوگئے اور وہ درد سے چیخیں مار کر اٹھ رہا ہے۔
متاثرہ بچے کے والد جو محنت مزدوری کرتے ہیں، اپنے زخمی بیٹے کو لے کر تھانے اور مختلف اسپتالوں کے چکر لگاتے رہے۔
والد نے بتایا کہ تھانے گئے تو پولیس نے صرف کچی پرچی کاٹ دی اور مقدمہ کے اندراج کے لیے میڈیکل رپورٹس مانگی گئیں ، بچے کے دو ایم آر آئی کروائے جا چکے ہیں، پہلے عباسی شہید اور پھر جناح اسپتال لے جایا گیا۔
والد نے روتے ہوئے بتایا کہ میرا ہنستا کھیلتا بچہ اس وقت شدید تکلیف میں ہے، اسے بار بار دورے پڑ رہے ہیں،میں غریب انسان ہوں، مزدوری کرتا ہوں ، بس انصاف فراہم کیا جائے۔
Comments
0 comment