3 hours ago
کراچی، منوڑا میں کشتی حادثے کے بعد 4 ماہی گیر لاپتہ
ویب ڈیسک
|
23 Jan 2026
کراچی کے ساحلی علاقے منوڑا کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں مال بردار جہاز کی ٹکر سے ماہی گیروں کی کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ 4 ماہی گیر تاحال لاپتا ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی علی الصبح تقریباً 2 بجے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چینل میں پیش آیا، جہاں ماہی گیری میں مصروف کشتی الشہباز کو مال بردار جہاز کانگ ہوان نے ٹکر مار دی۔
ٹکر لگتے ہی کشتی الٹ گئی اور اس پر سوار تمام ماہی گیر سمندر میں جا گرے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے بتایا کہ قریبی ماہی گیری کشتی نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے 7 ماہی گیروں کو سمندر سے نکال لیا، تاہم 4 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
حادثے کے بعد پولیس، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ ریسکیو کیے گئے ماہی گیروں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کیماڑی جیٹی سے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایدھی انفارمیشن سینٹر کے مطابق لاپتا ماہی گیروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جب کہ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔
Comments
0 comment