کراچی کی اہم مرکزی شاہراہوں پر آٹو رکشوں پر پابندی عائد

Webdesk
|
16 Apr 2025
کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر کی 11 اہم مرکزی سڑکوں پر موٹر کیب رکشاوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ون پلس ٹو اور ون پلس فور موٹر کیب ایم سی آر رکشاوں پر 2 ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے، جو کہ ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر 144 سی آر پی سی کے تحت لگائی گئی ہے۔
کمشنر کراچی کے نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اپریل سے 14 جون 2025 تک پابندی نافذ رہے گی جبکہ خلاف ورزی پر دفعہ 188 پی پی سی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
اہم سڑکوں میں شارع فیصل، آواری لائٹ سگنل سے مادام اپارٹمنٹ، آئی آئی چند ریگر روڈ، ٹاور سے شاہین کمپلیکس تک دونوں طرح کے موٹر کیب رکشاوں ون پلس ٹو اور ون پلس فور ایم سی آر پر پابندی عائد ہوگی ۔
جبکہ ون پلس فور ایم سی آر شہر کی دیگر شاہراہوں جس میں شارع قائدین نمائش سے شارع فیصل نرسری ، شیر شاہ سوری روڈ میٹرک بورڈ آفس سے ناگن چورنگی ، شہید ملت روڈ جیل چورنگی سے شہید ملت ایکسپریس وے ، عبداللہ ہارون روڈ 2 تلوار سے ہاشو سینٹر موبائل مارکیٹ براستہ ہوشنگ خیابان اقبال تک پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ 2 تلوار سے شارع فردوس عبداللہ شاہ غازی مزار ، اسٹیڈیم روڈ میلینئم مال سے تھانہ نیو ٹاون ، سر شاہ سلیمان روڈ سر حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ سے حسن اسکوائر کار ساز تک ، راشد منہاس روڈ پر ڈرگ روڈ سے سہراب گوٹھ تک جبکہ ماڑی پور روڈ پر گلبائی سے آئی سی آئی پل تک پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ون پلس ٹو اور ون پلس فور ایم سی آر رکشائوں کے مختلف غیر مجاز اور خود ساختہ غیر قانونی روٹس اور غیر قانونی اسٹینڈز قائم ہیں جو کہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں ۔
کمشنر کراچی کی جانب سے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
Comments
0 comment