9 hours ago
کراچی میں 3 کروڑ 98 لاکھ روپے کی ڈکیتی، واردات مصروف اوقات میں ہوئی

ویب ڈیسک
|
13 Jul 2025
کراچی: سونے کے تاجر سے 3 کروڑ 98 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی ہے جس کا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
کراچی کے علاقے فیروزآباد تھانے کی حدود میں لبرٹی چوک کے قریب سونے کے تاجر بلال سے 3 کروڑ 98 لاکھ روپے کی بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔
متاثرہ سنار بلال نے پولیس کو بتایا کہ وہ صدر صرافہ بازار سے سونا فروخت کرکے واپس آرہا تھا جب پی ای سی ایچ ایس میں نامعلوم مسلح ملزمان نے اس پر اور اس کے ملازم پر اسلحہ تان کر نقدی چھین لی اور فرار ہوگئے۔
بلال کے مطابق ملزمان پیدل تھے اور شلوار قمیض میں ملبوس تھے۔
واردات کے بعد پولیس نے متاثرہ سنار کے بیان پر مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، جس میں ملزمان کی شناخت کی گئی۔ فوٹیج میں ملزمان کی شلوار قمیض کے رنگ اور ان کی موٹر سائیکل کے ذریعے شناخت ممکن ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات سے کچھ دیر قبل ملزمان کی مشکوک نقل و حرکت بھی ریکارڈ ہوئی ہے۔ پولیس مزید سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کر رہی ہے اور فوٹیج کی اسکروٹنی جاری ہے تاکہ ملزمان کی گرفتاری میں پیش رفت کی جاسکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کے لیے تمام ممکنہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی اہم پیش رفت متوقع ہے۔
یہ واقعہ کراچی میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتا ہے، اور پولیس پر دباؤ ہے کہ وہ ملزمان کو جلد گرفتار کرے۔
Comments
0 comment