کراچی میں گاڑیاں چرانے والا چار رکنی گروہ گرفتار، تین سگے بھائی اور ایک پولیس اہلکار نکلا

ویب ڈیسک
|
14 Mar 2025
کراچی: اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) پولیس نے گاڑی چوری کے ایک واقعے میں ملوث پولیس اہلکار سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا جس میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر 11-B سے نامعلوم ملزمان نے ایک گھر کے باہر کھڑی 2025 ماڈل کی ہنڈا سٹی گاڑی چوری کر لی تھی۔
اس واقعے کی شکایت پر سرسید ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کی ذمہ داری اے وی ایل سی نیو کراچی ڈویژن کے انچارج سب انسپکٹر قیصر آفریدی کو سونپی۔
پولیس نے تفتیش کے دوران گاڑی کا سراغ لگا کر اسے برآمد کر لیا۔ قیصر آفریدی نے بتایا کہ گاڑی چوری کے واقعے میں گاڑی کے مالک کا ڈرائیور اعظم، اس کا پولیس اہلکار بھائی فیضان، ایک اور بھائی احسن اور چوتھا ملزم آصف رضی ملوث تھے۔
ڈرائیور اعظم نے گاڑی کا ڈپلیکیٹ ریموٹ گلستان جوہر کے علاقے سے 7 ہزار روپے میں بنوایا تھا۔ ملزمان نے گاڑی چوری کرنے کے بعد اسے سرجانی ٹاؤن کے ایک پیٹرول پمپ کے قریب پارک کیا تھا۔
ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ گاڑی فروخت کرنے کے لیے بلوچستان بھی گئے تھے، لیکن مناسب قیمت نہ ملنے پر وہ گاڑی فروخت نہ کر سکے۔ بعد ازاں، وہ گاڑی کو ملتان لے جا رہے تھے کہ پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اندرون سندھ میں چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا۔
گرفتار پولیس اہلکار فیضان سیکیورٹی ڈویژن میں تعینات ہے اور وہ اورنگی ٹاؤن کا رہائشی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے گاڑی چوری کی وجہ مالی تنگدستی اور قرض کی ادائیگی بتائی ہے تاہم پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
Comments
0 comment