کراچی میں آج مرغی کے گوشت کی فروخت بند کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
|
6 Mar 2025
سندھ پولٹری اینڈ ریٹیلر ایسوسی ایشن کے صدر راؤ محمد افضال نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات سے شہر بھر میں مرغی کی دکانیں بند رکھی جائیں گی۔
یہ فیصلہ فارمز کی جانب سے سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی اور مرغی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی پالیسی کے خلاف احتجاج میں کیا گیا ہے۔
انجمن کے مطابق، فارمز سرکاری نرخ 400 روپے کے بجائے 490 روپے فی کلو پر زندہ مرغی سپلائی کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے دکانداروں کو مرغی کا گوشت 780 روپے میں پڑ رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری قیمت 640 روپے فی کلو پر مرغی کا گوشت فروخت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
راؤ محمد افضال نے کہا کہ شہری انتظامیہ یک طرفہ طور پر دکانداروں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے اور ان پر ایک لاکھ روپے تک کے جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فارمز مرغی ہولڈ کر رہے ہیں، جس کا مقصد مصنوعی قلت پیدا کرنا اور قیمتیں بڑھانا ہے۔
انجمن نے مطالبہ کیا ہے کہ فارمز کو سرکاری ریٹ کا پابند کیا جائے اور سرکاری ریٹ پر مرغی کی سپلائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ مطالبات پورے نہیں ہوتے، مرغی کی دکانیں بند رہیں گی۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ عوام کو سستا گوشت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، لیکن فارمز کی جانب سے قیمتوں میں غیر منصفانہ اضافے اور شہری انتظامیہ کی یک طرفہ کارروائیوں نے انہیں مجبور کر دیا ہے۔
سندھ پولٹری اینڈ ریٹیلر ایسوسی ایشن نے عوام سے معذرت خواہانہ اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کو سمجھیں اور ان کے احتجاجی اقدام کو سپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج صرف ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہے، تاکہ وہ عوام کو مناسب قیمت پر مرغی کا گوشت فراہم کر سکیں۔
شہری انتظامیہ اور فارمز کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مطالبات مانے جانے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
Comments
0 comment