کراچی میں ٹریفک حادثات میں مزید 4 افراد جاں بحق، تعداد 160 سے متجاوز

ویب ڈیسک
|
7 Mar 2025
شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں شہریوں کے مرنے اور زخمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ میں لکی چڑھائی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل پر سوار تین بھائیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ایک موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
متوفی کی شناخت راحب ولد افغان جبکہ زخمیوں میں سعد افغان اور ملیر افغان کے نام سے ہوئی ہے۔
زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی لواحقین لاش تدفین کے لیے حب چوکی بلوچستان لیکر روانہ ہوگئے۔
اس کے علاوہ ڈیفنس فیز 8 خیابان ساحل کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق جبکہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ متوفیہ کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجائی گئی، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
عیسیٰ نگری سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک پر ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 65 سالہ حفیظ اللہ کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ حادثہ سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق سال 2025 کے ابتدائی 65 روز میں ٹریفک حادثات میں مرنے والے شہریوں کی تعداد 161 تک پہنچ گئی ہے۔
Comments
0 comment