کراچی سے مزید 2 بچے لاپتہ

کراچی سے مزید 2 بچے لاپتہ

شہر قائد میں سال کے ابتدائی 21 دنوں میں 15 بچے لاپتہ ہوئے ہیں
کراچی سے مزید 2 بچے لاپتہ

ویب ڈیسک

|

22 Jan 2025

کراچی: شہر میں حالیہ دنوں میں بچوں کے اغوا کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تازہ ترین واقعات میں گلشن اقبال سے 15 سالہ لڑکی اور اورنگی ٹاؤن سے 10 سالہ لڑکا لاپتہ ہو گئے ہیں، جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔  

حالیہ واقعات

15 سالہ زہرہ بتول 17 جنوری کو گلشن اقبال سے لاپتہ ہو گئی۔ ان کے والد کی شکایت پر پولیس نے کیس درج کر لیا ہے۔ اسی دن 10 سالہ ایان بھی اورنگی ٹاؤن سے لاپتہ ہو گیا۔  

دوسری جانب، اورنگی ٹاؤن کی فرنٹیئر کالونی سے لاپتہ ہونے والے 14 سالہ مبشر کو آگرہ تاج کالونی سے بازیاب کرا لیا گیا۔ اہل خانہ کے مطابق، انہیں ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی، جس میں مبشر کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔

اہل خانہ نے علاقے پہنچ کر مبشر کو محفوظ حالت میں پایا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔  

اسی طرح سر سید تھانے کی حدود سے لاپتہ ہونے والی 4 سالہ بچی کو بھی بازیاب کر لیا گیا۔ وہ صبح اپنے بھائی کے ساتھ گھر کے باہر کھیلتے ہوئے غائب ہو گئی تھی۔  

گارڈن ویسٹ سے لاپتہ بچے

چند روز قبل، گارڈن ویسٹ سے 5 سالہ علیان اور 6 سالہ علی رضا بھی لاپتہ ہو گئے تھے۔ اس کیس کے سلسلے میں پولیس نے 19 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ٹھوس شواہد جمع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔  

ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک مرد اور خاتون کو موٹر سائیکل پر بچوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔  

نارتھ کراچی کے 7 سالہ صارم کا اغوا اور قتل 

نارتھ کراچی کے علاقے سے 7 سالہ صارم جو 11 دن سے لاپتہ تھا، اُس کی لاش 18 جنوری کو ایک زیر زمین پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے تصدیق کی کہ صارم کو قتل سے پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔  

شہریوں میں خوف و ہراس

کراچی میں بچوں کے اغوا اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں، جبکہ پولیس ان واقعات کی تحقیقات میں مصروف ہے۔  

شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔  

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!