2 hours ago
کوئٹہ، کان حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 34 تک پہنچ گئی
Webdesk
|
31 Jul 2026
کوئٹہ: کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کان حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہوگئی۔ وزیر اعظم نے متاثرہ مزدوروں کے ریسکیو اور ریلیف تک ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کان میں پھنسے کان کنوں کی تلاش جاری ہے. امدادی ٹیمیں مشترکہ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں انتہائی مشکل حالات کے باوجود مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور کان میں پھنسے دیگر مزدوروں تک رسائی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ریسکیو آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کر رہی ہے اور امدادی سرگرمیوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے حادثے میں جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
میر شعیب نوشیروانی کے مطابق حادثے کی تمام پہلوں سے تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ کان کنی کے شعبے میں حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے .تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے اعلان کیا کہ جاں بحق کان کنوں کیلواحقین کوفی کس 5 لاکھ روپے جبکہ زخمی کان کنوں کو فی کس 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ نہایت افسوسناک ہے۔پی ڈی ایم اے اوردیگر متعلقہ ادارے امدادی کاروائیوں کو موثر اورمستعد انداز میں جاری رکھیں۔
تمام زخمیوں کے بروقت ریسکیو اور علاج کے لئے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ متاثرہ مزدوروں کے ریسکیو اور ریلیف تک ریسکیو آپریشن جاری رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کش افراد ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لئے مستقل حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور مرحومین کی بلندی درجات کے لیئے خصوصی دعا بھی کی۔
Comments
0 comment