لاہور میں 7 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق: "انتظامی اہلکاروں کو آوازیں دیں مگر ایک نہ سنی"

لاہور میں 7 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق: "انتظامی اہلکاروں کو آوازیں دیں مگر ایک نہ سنی"

واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے
لاہور میں 7 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق: "انتظامی اہلکاروں کو آوازیں دیں مگر ایک نہ سنی"

ویب ڈیسک

|

18 Aug 2026

لاہور: ہنجروال کے علاقے میں کھلے مین ہول میں گرنے سے 7 سالہ حکیم اللہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حکیم اللہ گلی میں کھیل رہا تھا کہ اچانک کھلے مین ہول میں جاگرا۔

حکیم اللہ کو فوری طور پر نکال کر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے حکیم اللہ کی لاش تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کردی۔

عینی شاہدین کے مطابق حمزہ پارک کی ایک گلی میں پانچ مین ہول کھلے تھے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کے لیے مین ہولز کے ڈھکن ہٹائے گئے تھے اور اسی دوران 7 سالہ حکیم اللہ کھلے مین ہول میں جاگرا۔

اہل علاقہ کا دعویٰ ہے کہ موقع پر موجود ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار سے حکیم اللہ کو نکالنے کی درخواست کی گئی، تاہم اس نے مبینہ طور پر کپڑے خراب ہونے کا عذر پیش کیا اور وہاں سے چلا گیا۔ بعدازاں اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت حکیم اللہ کو مین ہول سے نکالا اور ریسکیو کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔

حکیم اللہ کی موت کے واقعے کا مقدمہ متعلقہ پٹواری سجاد اسلم کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق سجاد حسین اور فریاد اپنی گلی کے گٹروں کی صفائی کسی متعلقہ ادارے کو اطلاع دیے بغیر کروا رہے تھے۔ اسی دوران حکیم اللہ کھلے مین ہول میں گر گیا۔

ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ حکیم اللہ کو نکالنے کے بجائے سجاد حسین اور فریاد موقع سے فرار ہوگئے، جس کے باعث حکیم اللہ کو بروقت نکالنے میں تاخیر ہوئی اور اس کی جان نہ بچائی جاسکی۔

مقدمے میں سجاد حسین اور فریاد سمیت 3 سے 4 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حکیم اللہ کی موت کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!