ناراض بیوی کے نہ ماننے پر نوجوان نے سسرال میں فائرنگ کر کے لڑکی، ماں، باپ کو قتل کر کے خودکشی کرلی
ویب ڈیسک
|
18 Aug 2026
لاہور کے علاقہ چوہنگ کے علاقے برکت کالونی میں گھریلو تنازع پر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ فائرنگ کرنے والے شخص نے بعد میں خود کو بھی گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔
پولیس کے مطابق 25 سالہ عمران ولد شوکت نے تقریباً 6 ماہ قبل سمیعہ بی بی دختر علی خان سے زبردستی نکاح کیا تھا۔ سمیعہ بی بی نکاح کے بعد اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عمران اپنی بیوی کو اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا اور اسی مقصد کے لیے آج صبح سسرال پہنچا، جہاں مبینہ طور پر اس نے سمیعہ بی بی کے سر میں گولی مار دی۔
پولیس کے مطابق مزاحمت پر ملزم نے اپنے سسر علی خان، 21 سالہ ذیشان اور ساس شمائلہ کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
واقعے کے بعد عمران نے خود کو بھی گولی مار لی، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ فائرنگ کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment