پاک بھارت کشیدگی، سندھ پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ

Webdesk
|
7 May 2025
کراچی: پاکستان پر بھارت کے بزدلانہ حملے کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے اور طبی عملے کو ڈیوٹی پر فوری رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
اس حوالے سے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ سندھ بھر کی ضلعی انتظامیہ شہری دفاع کیلئے 24/7 الرٹ رہیں گی، ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے تمام وسائل کو متحرک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ہنگامی صورتحال کے اعلان کیلئے سائرن اور وارننگ سسٹم کو فعال کیا جائے اور شہری دفاع کیلئے شیلٹرز کے تعین اور انہیں فنکشنل کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے سندھ پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے سول ڈیفنس کے تمام عملے کو شہری دفاع کیلئے فیلڈ آپریشنز کے احکامات جاری کردیے۔
Comments
0 comment