1 hour ago
پنکی کیس کے تانے بانے بیرون ملک سے جڑنے لگے
ویب ڈیسک
|
15 May 2026
کراچی پولیس نے مبینہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کے خلاف جاری تحقیقات میں اہم پیشرفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیس کے تانے بانے ایک بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک سے ملنے کے شواہد سامنے آئے ہیں، جس میں غیر ملکی شہریوں اور مقامی سہولت کاروں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
مرکزی پولیس دفتر کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ایسی معلومات حاصل ہوئی ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے بعض غیر ملکی شہری مبینہ طور پر اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ پولیس کے مطابق لاہور میں مقیم 6 سے 8 غیر ملکی افراد کے اس گروہ سے روابط ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں رہائش پذیر چند خواتین کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں، جن پر نیٹ ورک میں معاونت کا شبہ ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ معاملہ صرف مقامی سطح تک محدود نہیں بلکہ اس کے روابط پاکستان سے باہر بھی ہوسکتے ہیں، اسی لیے اسے بین الاقوامی منظم جرائم کے زاویے سے بھی دیکھا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ انمول عرف پنکی کو چند روز قبل کراچی میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جہاں پولیس اور حساس اداروں نے اس کے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا تھا۔ حکام کے مطابق ملزمہ کے خلاف منشیات برآمدگی اور بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج ہیں۔
بدھ کے روز کراچی کی ایک عدالت نے پولیس کو انمول سے مزید تفتیش کے لیے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں تاکہ مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جاسکیں۔
Comments
0 comment