سگی اولاد کا خون سفید، کراچی میں جائیداد کا حصہ نہ ہونے پر بیٹوں نے ماں کو قتل کر دیا
ویب ڈیسک
|
6 Dec 2024
کراچی: سگے بیٹوں نے جائیداد کے لالچ میں ماں کو رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا
اورنگی ٹاؤن کے علاقے فقیر کالونی میں 2 بیٹوں نے جائیداد کی لالچ میں اپنی ماں کو تشدد اور رسی کے پھندے سے گلہ گھونٹ کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ 5 بیٹوں اور 3 بیٹیوں کی ماں تھی، شوہر کا 5 ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا، جائیداد کے لالچ نے بیٹوں کا خون سفید کردیا۔
قتل میں دو سگے جبکہ تین سوتیلے لڑکے شامل ہوئے۔ پولیس کے مطابق مومن آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی پریشان چوک کے قریب گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں مقتولہ کی شناخت 40 سالہ عزت پری زوجہ میر زادہ کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او مومن آباد شہبازیوسف کے مطابق مقتولہ 5 بیٹوں اور 3 بیٹیوں کی ماں تھی اور 5 ماہ قبل مقتولہ کے شوہرمیرزادہ کا انتقال ہو گیا تھا۔ جس کے بعد گھرمیں جائیداد کے تنازع پر جھگڑے شروع ہو گئے تھے۔
جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے کے قریب مقتولہ کے سگے بیٹوں خلیل اورمختیار نے اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کو گھر سے باہر بھیجا اوررسی کی مدد سے اپنی ماں کا گلا گھونٹا اور قتل کردیا۔ دونوں بھائی سگی ماں کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرارہو گئے ۔
مقتولہ خاتون کا آبائی تعلق کے پی کے سے تھا ۔ پولیس نے جائے وقوع سے خاتون کے قتل میں استعمال کی جانے والی رسی اور دیگر واقعاتی شواہد کی روشنی میں خاتون کے قتل میں ملوث اس کے سگے بیٹوں کی تلاش شروع کردی ہے۔
Comments
0 comment