شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ایئر ویز کا کارگو طیارہ لاپتا ہونے کی تصدیق، 5 افراد سوار تھے

شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ایئر ویز کا کارگو طیارہ لاپتا ہونے کی تصدیق، 5 افراد سوار تھے

حکام کے مطابق طیارے کے لاپتا ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے
شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ایئر ویز کا کارگو طیارہ لاپتا ہونے کی تصدیق، 5 افراد سوار تھے

ویب ڈیسک

|

8 Jul 2026

شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ایئر ویز کا کارگو طیارہ دورانِ پرواز لاپتا ہو گیا، جس کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق کارگو طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رات 9 بج کر 18 منٹ پر طیارے کی جانب سے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد کراچی ایریا کنٹرول سینٹر کی جانب سے پائلٹ کو رہنمائی فراہم کی جا رہی تھی۔

اتھارٹی کے مطابق رات 9 بج کر 21 منٹ پر طیارہ ریڈار پر تیزی سے بلندی کھوتا ہوا دیکھا گیا، جس کے فوراً بعد اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

پی اے اے کا کہنا ہے کہ طیارے کا آخری ریڈار رابطہ کراچی کے مغرب میں تقریباً 155 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ریکارڈ کیا گیا۔

واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فوری طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ سمندر میں لاپتا طیارے کی تلاش کے لیے مختلف متعلقہ اداروں پر مشتمل مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حکام کے مطابق طیارے کے لاپتا ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!