1 hour ago
شارجہ سے کراچی آنے والا مال بردار جہاز خلیج میں لاپتہ
ویب ڈیسک
|
7 Jul 2026
شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ایئرویز کا ایک کارگو طیارہ دورانِ پرواز مبینہ طور پر خلیج میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ کراچی پہنچنے سے قبل ریڈار سے غائب ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پرواز کے دوران پائلٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو نیویگیشن میں مسئلہ پیش آنے سے آگاہ کرتے ہوئے نئی سمت کے لیے رہنمائی طلب کی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق اے ٹی سی نے طیارے کو موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت کی، تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارہ اچانک دائیں جانب مڑ گیا اور تیزی سے بلندی کھونے لگا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کی نیچے آنے کی رفتار تقریباً 15 ہزار فٹ فی منٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ اے ٹی سی کی جانب سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کے باوجود عملے کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ کراچی کے مغرب میں تقریباً 155 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ریڈار سے غائب ہوا، جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق یہ کراچی سے تقریباً 300 کلومیٹر پہلے خلیجی سمندر میں گر کر لاپتا ہوا۔
واقعے کی سرکاری طور پر تصدیق اور اس کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment