1 hour ago
سندھ میں آج سے 3 مئی تک ہیٹ ویو
ویب ڈیسک
|
28 Apr 2026
محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھنے کے پیش نظر ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق آج سے 3 مئی تک بالائی اور وسطی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ کئی شہروں میں درجہ حرارت معمول سے نمایاں حد تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ متاثرہ علاقوں میں جامشورو، دادو، بے نظیر آباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر شامل ہیں، جہاں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی اس لہر کے دوران خواتین، بچوں اور بزرگوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
ادھر کراچی میں بھی آئندہ چند روز کے دوران گرم دن متوقع ہیں، جہاں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ تاہم شہر ہیٹ ویو سے متاثرہ علاقوں میں شامل نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک پہنچنے کے باعث گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
Comments
0 comment