4 hours ago
ثانیہ اشفاق نے عماد وسیم سے علیحدگی کی اصل وجہ بتادی
Webdesk
|
1 Sep 2026
کراچی: پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے پہلی مرتبہ ایک انٹرویو میں اپنی شادی، علیحدگی اور سابق شوہر کی بے وفائی سے متعلق تفصیلی گفتگو کی ہے۔
ثانیہ اشفاق نے دعوی کیا کہ انہیں تیسرے بچے کے حمل کے دوران بھی شوہر کی جانب سے بے وفائی کا سامنا کرنا پڑا، ان کے مطابق عماد وسیم انہیں بچوں سمیت انگلینڈ لے گئے اور بعد ازاں اپنی والدہ کے گھر چھوڑتے ہوئے کہا کہ دونوں کو کچھ عرصے کے لیے ایک دوسرے سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔
ثانیہ اشفاق کے مطابق بعد میں عماد وسیم نے ان سے علیحدگی کا اعلان کردیا جبکہ وہ اس وقت بچوں کے ہمراہ اپنی والدہ کے گھر موجود تھیں، ان کا الزام ہے کہ اسی دوران عماد وسیم سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ وقت گزار رہے تھے اور پہلے ہی تعلق قائم کرچکے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ جب عماد وسیم اور نائلہ راجہ کے تعلقات سے متعلق باتیں سامنے آئیں تو متعدد افراد نے انہیں پیغامات بھیجے اور نائلہ راجہ کے حوالے سے مختلف دعوے کیے تاہم ثانیہ کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کی ذمہ داری صرف دوسری خاتون پر عائد نہیں ہوتی بلکہ عماد وسیم بھی اس کے ذمہ دار ہیں۔
ثانیہ اشفاق نے کہا کہ پہلی طلاق کا نوٹس موصول ہونے کے باوجود وہ پاکستان واپس آئیں کیونکہ انہیں امید تھی کہ بچوں سے ملاقات کے بعد شاید سابق شوہر کے رویے میں نرمی آئے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔
ان کے مطابق انہوں نے آخری وقت تک اپنی شادی کو بچانے کی کوشش کی لیکن عماد وسیم نے ان کے اور بچوں کی خاطر رشتہ برقرار رکھنے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔
ثانیہ اشفاق نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں شکست کے بعد انہوں نے عماد وسیم سے پوچھا کہ میچ کیوں ہارا جس پر عماد نے انہیں جواب دیا کہ مجھ سے بات نہ کرو اور مجھے اکیلا چھوڑ دو ثانیہ کے مطابق انہوں نے غصے میں کہا کہ شاید اللہ نے انہیں سزا دی ہے کیونکہ ان کی وجہ سے ٹیم میچ ہاری۔
سابق اہلیہ نے عماد وسیم کے بعض رویوں کو خاندانی نہیں قرار دیتے ہوئے سسرال کے رویے سے متعلق بھی متعدد دعوے کیے ان کا کہنا تھا کہ شادی کے فورا بعد ان سے بار بار پوچھا جاتا تھا کہ بچہ کب ہوگا، جبکہ حمل ٹھہرنے کے بعد بھی بچے کے رنگ سے متعلق توقعات کا اظہار کیا جاتا تھا،ثانیہ کے مطابق بیٹی کی پیدائش کے بعد بھی ان سے سب سے پہلے بچی کے رنگ کے بارے میں سوال کیا گیا۔
ثانیہ اشفاق نے دعوی کیا کہ وہ اپنی ذاتی اشیا خود خریدتی تھیں اور عماد وسیم نے انہیں یہ چیزیں لے کر نہیں دیں۔ ان کے مطابق تیسرے بچے کی خبر ملنے پر عماد وسیم کی والدہ نے مبینہ طور پر کہا کہ اسے طلاق دو اور سب کچھ واپس لے لو جبکہ عماد کے بھائی کی جانب سے بھی انہیں مبینہ دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
Comments
0 comment