مصباح الحق نے پی سی بی سیلیکشن کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا
Webdesk
|
1 Sep 2026
کراچی: مصباح الحق نے پی سی بی سیلیکشن کمیٹی سے استعفی دے دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ بھیجے جانے والے کھلاڑیوں کے حوالے سے مصباح الحق سے مشاورت نہیں کی گئی، جس پر انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنا استعفی ای میل کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھجوایا۔ پی سی بی نے تاحال مصباح الحق کے استعفے کے حوالے سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
سیریز کے دوران ٹیسٹ اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں پر موجودہ اور سابق کرکٹرز نے تنقید کی ہے۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کے لیے ٹی20 کھلاڑیوں کو کیوں شامل کیا گیا اور ہیڈ کوچ کو صرف پانچ ٹیسٹ میچوں کے بعد کیوں ہٹایا گیا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اتنے سارے تجربہ کار سلیکٹرز پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کی جانب سے یہ اب تک کا سب سے زیادہ حیران کن فیصلہ ہے۔
کپتان شعیب ملک نے کہا کہ اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے والے کھلاڑی اب بھی ہمارے قومی کرکٹرز ہیں جنہوں نے پاکستان کی خدمت کی ہے۔
قومی کھلاڑیوں کے لیے پہلی فلائٹ سے واپس بھیجنے جیسے جملے توہین آمیز ہیں،احتساب کا آغاز کھلاڑیوں سے نہیں بلکہ ان لوگوں سے ہونا چاہیے جنہوں نے نظام کو خراب کیا۔
بینچ پر بیٹھے یا صرف دو، تین ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں کا احتساب نہیں ہونا چاہیے تھا۔ سابق پاکستانی کوچ مکی آرتھر نے تبدیلیوں کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں، کوچز اور سلیکٹرز میں مسلسل تبدیلیاں ہی پاکستان کرکٹ کے انتشار کی بڑی وجہ ہیں۔
بھارتی کرکٹ مبصر ہرشا بھوگلے نے بھی تبدیلیوں کے وقت پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سلمان علی آغا نے پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کی، دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ ہوئے اور تیسرے ٹیسٹ سے قبل وطن واپس بھیج دیے گئے، جبکہ ہیڈ کوچ، بالنگ کوچ اور سینئر وکٹ کیپر بھی سیریز کے دوران ٹیم سے الگ ہوگئے۔
برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے شروع ہوگا، جس کے لیے مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ جبکہ ایشلے نوفکے کو بالنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
Comments
0 comment