اوکاڑہ میں ذہنی معذور شخص کیخلاف قرآن پاک شہید کرنے کا مقدمہ درج

اوکاڑہ میں ذہنی معذور شخص کیخلاف قرآن پاک شہید کرنے کا مقدمہ درج

ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مسجد میں قرآن مجید کے اوراق نذر آتش کیے
اوکاڑہ میں ذہنی معذور شخص کیخلاف قرآن پاک شہید کرنے کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک

|

6 Nov 2025

اوکاڑہ کی تحصیل نور شاہ کے نواحی گاؤں 55-جی ڈی میں ذہنی مریض شخص کے خلاف مسجد میں قرآن پاک کے اوراق جلانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایس ایچ او نور شاہ عرفان رسول کے مطابق مقامی شہری مظہر بشیرہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مظہر بشیرہ نے بیان دیا کہ انہوں نے خود اس شخص کو قرآن پاک کے اوراق جلاتے دیکھا اور فوراً گاؤں کے دیگر لوگوں کو اطلاع دی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق واقعہ ظہر کی نماز کے بعد پیش آیا، یہ مسجد دو کمروں پر مشتمل ہے جہاں مستقل امام موجود نہیں اور چند مقامی افراد ہی نماز پڑھنے آتے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملزم گاؤں کا رہائشی نہیں تھا بلکہ چند روز سے مسجد میں عارضی طور پر مقیم تھا۔ کئی مقامی افراد نے واقعے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا جبکہ ایک گواہ شوکت نے بھی تصدیق کی کہ واقعہ پیش آیا۔

مدعی کے مطابق انہوں نے اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی جو بطور ثبوت پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ویڈیو میں ملزم ذہنی طور پر غیر متوازن دکھائی دیتا ہے اور اسے علم نہیں تھا کہ اس کی ویڈیو بنائی جا رہی ہے۔

اطلاع ملنے پر ایس ایچ او عرفان رسول موقع پر پہنچے، مسجد کو گھیرے میں لیا اور ملزم کو گرفتار کر کے کسی محفوظ مقام پر منتقل کر دیا تاکہ کسی ہجوم کے ردعمل سے بچا جا سکے۔

ضلع پولیس افسر (ڈی پی او) عثمان ٹپو نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، شواہد کا جائزہ لیا اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر ملزم ذہنی مریض معلوم ہوتا ہے، جس کا بدھ کے روز میڈیکل معائنہ کرایا جائے گا، جس کے بعد اسے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!