2 hours ago
اورنگی ٹاؤن میں شہری کو قتل کرنے پر ڈاکو جلانے والے شہریوں کیخلاف مقدمہ درج، ایس ایچ او معطل
ویب ڈیسک
|
2 Dec 2025
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 7 میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ڈکیت کو جلانے والے شہریوں پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر ایس ایس پی نے نوٹس لیا اور ڈکیت کو بروقت ریسکیو نہ کرنے پر ایس ایچ او یوسف مہر کو معطل کیا۔
سرکار کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ 35 افراد کے خلاف درج کرلیا گیا جس کے بعد ویڈیو کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن یوسف مہر کو ناقص کارکردگی ، غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرنے کے الزام میں معطل کر کے پولیس ہیڈ کوارٹر ویسٹ تبادلہ کر دیا گیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق وہ انسداد جرائم کے حوالے سے دیگر نفری کے ہمراہ علاقہ گشت میں مصروف تھا اورنگی ٹاؤن سیکٹر سیون ایف شاہ فیصل محلہ پہنچا تو معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ یکم دسمبر کو صبح 8 بجے کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے ایک شخص عبدالحنان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
جس کے بعد محلے کے لوگوں نے ایک ڈاکو نامعلوم جس کا نام بعد میں ساجد معلوم ہوا کو پکڑلیا جبکہ اس کا نامعلوم ساتھی موقع سے فرار ہوگیا تھا، پکڑے گئے ڈاکو کو عوالناس نے مار پیٹ کرتے ہوئے آگ لگا کر جلانے کی بھی کوشش کی جو کہ شدید زخمی حالت میں پولیس کی بروقت کارروائی پر ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال روانہ کیا تھا لیکن وہ راستے میں ہی ہلاک ہوگیا تھا۔
Comments
0 comment