13 hours ago
وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی کراچی آمد، جیب کتروں کی چاندی ہوگئی
Webdesk
|
9 Jan 2026
کراچی: وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی کراچی آمد کے موقع پر جیب کتروں کی چاندی ہوگئی ، جیب کتروں کے ہاتھوں درجنوں متاثرین اپنی جیب کٹ جانے کی رپورٹ درج کرانے کے لیے ایئر پورٹ تھانے پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق ایک متاثرہ شخص نے اپنی جیب کاٹتے ہوئے ایک جیب کترے کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
متاثرین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے جو کہ وزیر اعلی کے پی کے سہیل آفریدی کے استقبال کے لیے ایئر پورٹ اور شارع فیصل پر جمع ہوئے تھے اور اس دوران جیب کتروں نے رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان لوگوں کی جیبوں پر خوب ہاتھ صاف کیا۔
جیب کتروں کے ہاتھوں موبائل فون اور پرس سے محروم ہونے والوں کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیوز بھی منظر عام پر آگئیں۔
جس میں ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی آمد کے موقع ایئر پورٹ کے باہر پہلے سگنل پر ریلی اور لوگوں رش تھا ، ایک جیب کترے نے میرا پرس نکال کر دوسرے کو دیا جس پر میں سے اسے پکڑا تو اس کی جیکٹ کے اندرونی جیب سے 3 موبائل فون اور ایک موبائل سائیڈ پاکٹ سے ملا جس پر اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔
انھوں نے بتایا کہ جیب کتروں کا گروہ رش کا فائدہ اٹھا کر سرگرم رہا جن کی تعداد 5 سے 6 ہو سکتی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ جیب کتروں سے متاثر ایسے افراد بھی شامل ہیں جو کہ ہمارے مہمان ہیں اور وہ کے پی کے سے آئے تھے اور ان کی جانب سے رپورٹ بھی درج نہیں کرائی گئی۔
تاہم اس حوالے سے ایس ایچ او ایئر پورٹ کلیم موسی سے متعدد بار رابطہ کیا تاہم انھوں نے فون ریسیو کرنے سے گریز کیا ۔
Comments
0 comment