17 سالہ آسٹریلوی کرکٹر گردن پر گیند لگنے سے جاں بحق
ویب ڈیسک
|
30 Oct 2025
آسٹریلیا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 17 سالہ نوجوان کرکٹر بین آسٹن پریکٹس سیشن کے دوران گردن پر گیند لگنے کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پریکٹس کے دوران بال تھروئنگ ڈیوائس سے پھینکی گئی گیند بین آسٹن کی گردن پر لگی۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے بعد میں ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔
کرکٹ وکٹوریہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے وقت بین آسٹن نے ہیلمٹ تو پہنا ہوا تھا لیکن اس کا گردن کے حصے کو ڈھانپنے والا اسٹم گارڈ موجود نہیں تھا۔
کرکٹ وکٹوریہ کے ہیڈ نک کمنز نے کہا کہ بین آسٹن کو لگنے والی چوٹ تقریباً اسی نوعیت کی تھی جیسی 11 سال قبل آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز کو لگی تھی، جس کے باعث وہ بھی جان کی بازی ہار گئے تھے۔
کرکٹ آسٹریلیا، وکٹوریہ کلب اور کھلاڑیوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حادثہ کرکٹ برادری کے لیے ایک تکلیف دہ لمحہ ہے اور مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید بہتر بنائے جائیں گے۔
Comments
0 comment