بھارتی کرکٹر نے چوتھی منزل سے کود کر ’خودکشی‘ کرلی
ویب ڈیسک
|
21 Jun 2024
ذہنی مسائل سے دوچار بھارت کے سابق کرکٹر نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ جانسن نے بنگلورو میں اپنی اپارٹمنٹ کے چوتھے فلور پر قائم فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں وہ چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 52 سالہ سابق کرکٹر کافی عرصے سے ڈپریشن کے مرض کا شکار تھے اور وہ بیوی ، دو بچوں کے ساتھ فلیٹ میں رہتے تھے۔
معاشی اعتبار سے اُن کے حالات بہتر تھے اور وہ گھر کے قریب کرکٹ اکیڈمی بھی چلاتے تھے تاہم ابھی تک خودکشی کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ اور دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے کرکٹر کی ناگہانی موت پر افسوس و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹ کی دنیا میں اُن کی خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
ابتدا میں کہا جارہا تھا کہ ڈیوڈ چوتھی منزل سے نیچے گرے ہیں تاہم عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے خود چھلانگ لگائی ہے اور پولیس نے اہل خانہ کے بیانات قلم بند کرنے کے بعد واقعے کو خودکشی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
کیریئر پر مختصر نظر
سابق کرکٹر ڈیوڈ جانسن نے 1990 کی دہائی میں بین الاقوامی کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کی اور اکتوبر 1996 میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد انہوں نے صرف دو ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں صرف تین وکٹیں حاصل کیں۔
ڈیوڈ جانسن فٹنس مسائل کی وجہ سے قبل از وقت انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئے مگر انہوں نے ڈومیسٹک میں اپنا کھیل جاری رکھا اور کرناٹکا کی نمائندگی کرتے رہے، انہوں نے 39 فرسٹ کلاس میچز میں 125 وکٹیں حاصل کیں۔
Comments
0 comment