بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان آئے گی، محسن نقوی کا دعوی
ویب ڈیسک
|
7 Sep 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ہفتے کے روز تصدیق کی ہے کہ بھارت کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کے تعمیراتی منصوبے کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، تمام ٹیمیں آئیں گی، ہم نے اس حوالے سے تمام پلان بنا لیا ہے۔
پریس بریفنگ میں، نقوی نے پنڈال کی تزئین و آرائش کے بارے میں اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ "بیسمنٹ کا کام 30 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا، ہر فلور تین ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا، پویلین اسٹیل سے بنے گا، اور 31 دسمبر تک مرکزی عمارت مکمل ہو جائے گی"۔
کرکٹ باڈی کے سربراہ نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز پر بھی تبادلہ خیال کیا، اس بات کی تصدیق کی کہ سیریز ملک میں ہوگی، جس کے فائنل وینیوز ملتان اور راولپنڈی ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی بی سیریز کے حوالے سے انگلش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے۔
فروری 2025 میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے بارے میں، نقوی نے یقین دلایا کہ تمام منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے اور وہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) سمیت تمام بڑے بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی اعلان کیا کہ اسلام آباد میں دبئی اسٹیڈیم کی طرز پر نیا اسٹیڈیم بنایا جائے گا اور قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل پر کام میگا ایونٹ کے بعد شروع ہوگا۔
قومی ٹیم میں قیادت کے کردار میں ممکنہ تبدیلی کے سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم کے کپتانوں کے بارے میں فیصلے کوچز اور سلیکٹرز کریں گے۔ "میں نے معاملات ان پر چھوڑے ہیں، میں نے 22 ستمبر کو ایک ورکشاپ میں سب کو بلایا ہے، اور تمام لوگ اپنی اپنی تجاویز دیں گے، اس کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔"
Comments
0 comment