پاکستانی سائیکلسٹ نے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا
ویب ڈیسک
|
8 Jun 2024
پاکستانی ایتھلیٹ علی الیاس نے ہفتے کے روز قازقستان میں ہونے والی ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔
تفصیلات کے مطابق قازقستان میں ہونے والی چیمپئن شپ میں ایشیا کے ٹاپ سائیکلیسٹ کا مقابلہ ہوا، جس میں پاکستانی سائیکلسٹ علی الیاس نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
علی الیاس نے پوڈیم پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے غیر معمولی مہارت اور تکنیک کا مظاہرہ کیا اور گولڈ میڈل کے حق دار ٹھہرے۔
یہ کامیابی پاکستان کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے کیونکہ گزشتہ برس سوئی سدرن گیس کمپنی سے منسلک مذکورہ سائیکلسٹ نے ماسٹرز کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور انہوں نے گولڈ میڈل جتینے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے 8 رکنی قومی سائیکلنگ ٹیم ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے، جن میں علی الیاس، امجد خلیل، عبدالوہاب، محمد اسماعیل انور، نثار علی، شایان رضوان، دانش نسیم اور عاطف حسین قاضی شامل ہیں، قازقستان میں جاری چیمپئن شپ کا آج یعنی 8 جون کو آخری دن ہے۔
نیشنل سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی چیمپئن شپ کے موقع پر منعقد ہونے والی ایشین سائیکلنگ فیڈریشن کانگریس کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
Comments
0 comment