سفری پابندی کے باعث عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان ورلڈ چمپئن شپ میں حصہ نہیں لیں گے
ویب ڈیسک
|
3 Nov 2025
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان نے بتایا ہے کہ انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ ملنے کے باعث وہ آئرن مین 70.3 ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
شاہ ریز خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا کہ ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے، جس کے باعث وہ اسپین میں ہونے والے عالمی ٹرائیتھلون مقابلے میں شرکت کے لیے سفر نہیں کر پا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ، “میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، میں ایک ایتھلیٹ ہوں، اور میرا واحد مقصد پاکستان کا نام عالمی سطح پر فخر سے بلند کرنا ہے۔”
شاہ ریز، جو آکسفورڈ گریجویٹ اور آسٹریلیا میں گلوبل ٹیکسٹائل کمپنی سمبا گلوبل کے ریجنل ہیڈ ہیں، اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ ساتھ ایتھلیٹک مقابلوں میں بھی سرگرم ہیں۔ وہ پاکستان کے واحد ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے آئرن مین 70.3 ٹرائیتھلون کے لیے کوالیفائی کیا۔
یہ عالمی مقابلہ تین مراحل پر مشتمل ہوتا ہے، جن میں 1.9 کلومیٹر تیراکی، 90 کلومیٹر سائیکلنگ اور 21.1 کلومیٹر ہاف میراتھون دوڑ شامل ہیں۔
شاہ ریز خان اپنی ضبط، نظم و ضبط اور طویل تربیتی سیشنز کے باعث مشہور ہیں۔ 2022 سے اب تک وہ سات آئرن مین ایونٹس میں حصہ لے چکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے شہر موسل بے میں ہونے والے مقابلے میں انہوں نے اپنے کیٹیگری گروپ میں دسویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
اس سے قبل وہ مسقط، عمان میں ہونے والے آئرن مین ایونٹ میں بھی رننگ سیگمنٹ میں شریک ہوئے تھے۔
شاہ ریزخان کی جانب سے ملک سے باہر نہ جا سکنے پر پاکستانی اسپورٹس کمیونٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کھیلوں سے وابستہ افراد کو سیاسی تنازعات سے دور رکھا جائے۔
Comments
0 comment