پاکستانی باکسر ساتھی خاتون کی رقم چرا کر فرار
Webdesk
|
5 Mar 2024
روم:پاکستانی باکسنگ ٹیم کا کھلاڑی زوہیب رشید خاتون باکسر کے بیگ سے رقم چوری کرکے فرار ہوگیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران سیکریٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن کرنل ناصر بیگ نے خاتون باکسر کے بیگ سے پاؤنڈز چوری ہونے کی تصدیق کی۔
اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ خاتون باکسر ٹریننگ کے لیے باہر گئیں تو زوہیب رشید نے ہوٹل استقبالیے سے کمرے کی چابی لی اور بیگ سے پاؤنڈ چرا کر رفوچکر ہوگیا۔
کرنل ریٹائرڈ ناصر بیگ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستانی باکسر زوہیب رشید اپنی پہلی فائٹ کے لیے بھی نہیں آئے جس کے باعث 51 کلو گرام کیٹگری میں زوہیب رشید کے مدمقابل باکسر کو واک اوور دے دیا گیا۔
سیکریٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے کہا کہ زوہیب رشید کل سے لاپتہ ہیں جس کی رپورٹ پولیس کو کردی گئی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ خاتون باکسر کے بیگ میں تقریبا 250 پاؤنڈ (تقریباً 88 ہزار پاکستانی روپے) موجود تھے۔
یاد رہے کہ قومی باکسنگ ٹیم ان دنوں اٹلی میں موجود ہے، جہاں پیرس اولمپکس کے کوالیفائنگ راونڈ جاری ہیں، پاکستان ٹیم میں 3مرد اور 2خواتین باکسر شامل ہیں۔
Comments
0 comment