4 hours ago
بھارتی وزیراعلی کو مسلم خاتون کے نقاب کی بے حرمتی مہنگی پڑ گئی
ویب ڈیسک
|
17 Dec 2025
تقریب میں مسلمان خاتون کے نقاب کی بے حرمتی کرنے پر بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلی سے استعفے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
بھارت کی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار ایک تقریب میں مسلم خاتون ڈاکٹر کا حجاب سرِعام کھینچنے کے واقعے کے بعد شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوام اور سیاسی حلقوں نے ان کے رویے کو توہینِ خواتین اور اسلام مخالف عمل قرار دیا ہے۔
وائرل فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 74 سالہ نتیش کمار پیر کے روز ایک گریجویشن تقریب کے دوران خاتون ڈاکٹر نُسرَت پروین کو سرٹیفکیٹ دیتے وقت ان کا حجاب کھینچ لیتے ہیں۔
موقع پر موجود لوگ اس واقعے پر ہنستے نظر آتے ہیں، تاہم دو افراد جن میں بہار کے وزیر داخلہ چودھری بھی شامل تھے نے فوری طور پر وزیراعلیٰ کو روکنے کی کوشش کی۔
ویڈیو سامنے آتے ہی بھارت اور پاکستان بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ سوشل میڈیا صارفین، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سیاسی مبصرین نے نتیش کمار سے کھلے عام معافی اور وزارتِ اعلیٰ سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بھارتی صارف نے ایکس پر لکھا کہ "یہ منظر انتہائی شرمناک ہے۔ نائب وزیراعلیٰ نے بھی انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اگر وہ اپنے ہوش میں ہوتے تو ایسا نہ کرتے۔ ان کے کئی ویڈیوز موجود ہیں جن میں وہ غیر متوازن رویہ اختیار کرتے نظر آتے ہیں۔"
کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی الطافہ محبوبہ مفتی نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا"وزیراعلیٰ ہونا یہ حق نہیں دیتا کہ آپ کسی خاتون کا حجاب کھینچیں۔ طاقت کسی کو مسلمانوں کی تذلیل کا اختیار نہیں دیتی۔ اگر آپ صحت مند نہیں تو مستعفی ہو جائیں۔"
دوسری جانب کانگریس پارٹی نے اس واقعے کو "اخلاقی پستی" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نتیش کمار اب اس عہدے کے لیے موزوں نہیں رہے۔ پارٹی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیں۔
ادھر لالو پرساد یادو کی جماعت نے معاملے کو ایک مختلف رخ دیا ہے اور وزیراعلیٰ کی دماغی صحت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ نتیش کمار کے حالیہ طرزِ عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر مستحکم نہیں ہیں اور انہیں علاج کے لیے وقت لینا چاہیے۔
یہ واقعہ نہ صرف بہار بلکہ پورے بھارت میں سیاسی طوفان کا باعث بن گیا ہے، اور سوشل میڈیا پر "Justice for Nusrat" کے نام سے ٹرینڈ بھی
چل رہا ہے۔
Comments
0 comment