فلسطینی مزاحمت کار تنظیم نے ہتھیار پھینکنے پر مشروط آمادگی ظاہر کردی
ویب ڈیسک
|
5 Dec 2025
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اگر غزہ پر اسرائیلی فوج کا قبضہ ختم ہوجائے تو وہ اپنے ہتھیار ایک ایسی فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہے جو اس علاقے کا نظم و نسق سنبھالے گی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان حماس کے سینئر مذاکرات کار اور رہنما خلیل الحیہ نے اپنے بیان میں کیا۔
ان کے مطابق ہمارے ہتھیار قبضے اور جارحیت کے وجود سے جڑے ہیں، اگر قبضہ ختم ہوجائے تو یہ اسٹیٹ اتھارٹی کے تحت حوالے کر دیے جائیں گے۔
اے ایف پی کے سوال پر خلیل الحیہ کے دفتر نے وضاحت کی کہ وہ ایک بااختیار اور خودمختار فلسطینی ریاست کی بات کر رہے تھے۔
حماس رہنما نے مزید کہا کہ ہم سرحدوں کی نگرانی اور جنگ بندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی فورسز کی تعیناتی قبول کرتے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ ہفتے کے روز غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 11 اکتوبر کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 367 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
Comments
0 comment