11 hours ago
مسجد الحرام میں علمی دروس سے متعلق اہم تفصیلات جاری کردی گئیں
Webdesk
|
27 Oct 2025
ریاض : سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں منعقد ہونے والے علمی دروس کے حلقوں کے مقامات کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان حلقوں میں علما، آئمہ حرمین اور مستند مدرسین دروس پیش کریں گے۔ رپورٹس کے مطابق یہ دروس زائرینِ مسجد الحرام کی شرعی رہنمائی اور دینی فہم کو مضبوط بنانے کے لیے پیش کیے جاتے ہیں۔
یہاں فقہ، عقیدہ اور مناسک جیسے بنیادی دینی موضوعات پر مشتمل مختلف دروس دیئے جائیں گے۔انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پہلا حلقہ صحن المطاف میں آئمہ کے لیے مخصوص کرسی کے قریب، باب اسماعیل کی سمت ہوگا۔
گراؤنڈ فلور میں دو مقامات پر، باب نمبر 89 اور 90 کے مقابل دو حلقے ہوں گے۔ اسی طرح شمالی توسیع میں باب نمبر 123 کے نزدیک ایک حلقہ ہوگا۔
اس کے علاوہ پہلی منزل میں توسیعی ابواب اور سیڑھیوں کے سامنے باب نمبر: 64، 74، 84 اور 91 میں متعدد حلقے ہوں گے۔اسی طرح مسجد الحرام کی چھت پر کرسی نمبر 15 پر، سیڑھی 91 کے سامنے ایک حلقہ ہوگا۔
سعودی عرب میں حرمین انتظامیہ نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان دروس میں شرکت کر کے دینی معلومات میں اضافہ اور عبادات و مناسک کی صحیح ادائیگی میں رہنمائی حاصل کریں۔
رپورٹس کے مطابق یہ پروگرام حرمین شریفین میں دینی خدمات کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہیں جو اعتدال، فہمِ دین اور وسطیت کے اصولوں کی ترویج میں مثر کردار ادا کرتے ہیں۔
Comments
0 comment