9 hours ago
مسلمان بادشاہ اورنگزیب کا مقبرہ ہٹانے کے بیان پر بھارت میں ہنگامے پھوٹ پڑے

ویب ڈیسک
|
18 Mar 2025
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں انتہا پسند ہندوؤں کے گروہوں کی جانب سے مغل بادشاہ اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کے مطالبے پر ہنگامے پھوٹ پڑے۔ اس تصادم میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعہ وسطی ناگپور کے محل علاقے میں پیش آیا، جب وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے اورنگزیب کے مقبرے کو ہٹانے کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پتھراؤ شروع کر دیا اور مشتعل ہجوم نے متعدد گاڑیاں نذر آتش کر دیں، جن میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔
ناگپور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کے مطابق، پولیس نے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جس کے دوران کئی پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس سے قبل ہندوؤں کے مطالبے کی حمایت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے اورنگزیب کے مقبرے کو محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کر کے اسے محفوظ یادگار کا درجہ دے دیا تھا، لہٰذا اسے ہٹانے کے لیے قانونی عمل کی ضرورت ہوگی۔
Comments
0 comment