انڈونیشیا میں سونے کی کان بیٹھ گئی، 12 کان کن ہلاک
ویب ڈیسک
|
8 Jul 2024
انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں شدید بارشوں سے سونے کی کان بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں 12 کان کن ہلاک ہوگئے۔
انڈونیشیا کی میڈیا نے بتایا کہ سولاویسی جزیرے میں شدید بارشوں کے دوران رہائشی مکانات، ایک پُل لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تباہ ہوگئے جبکہ سونے کی کان بھی بیٹھ گئی۔
حادثے کے بعد پولیس، قومی ریسکیو ٹیم اور فوجی اہلکاروں پر مشتمل 164 رضاکار جائے وقوعہ پہنچے جہاں انہوں نے ریسکیو کا کام شروع کر کے لوگوں کو محفوظ مقام کی طرف منتقل کیا۔
ریسکیو کے دوران رضاکاروں نے کان سے 12 لاشیں جبکہ پانچ شدید زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، بتایا جارہا ہے کہ تاحال 18 کان کن لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلیے آپریشن جاری ہے۔
انڈونیشیا کے ادارہ برائے ہنگامی حالات (BNPB) نے صوبے گورونٹالو کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ پیر اور منگل کو موسلا دھار متوقع ہے لہذا شہری بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
Comments
0 comment